ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / زرعی قوانین اورکسان تحریک پر سپریم کورٹ میں آج اہم سماعت ہوگی

زرعی قوانین اورکسان تحریک پر سپریم کورٹ میں آج اہم سماعت ہوگی

Sun, 17 Jan 2021 20:47:55    S.O. News Service

نئی دہلی17جنوری(آئی این ایس انڈیا) دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کے مظاہروں سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ پیر کو سماعت کرے گی۔ تعطل ختم کرنے کے لیے کمیٹی کے ممبر کی علیحدگی کے معاملے پر بھی اعلیٰ عدالت غور کر سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے چارکنی کمیٹی بنائی لیکن اس پرہرطرف سے سوال ہونے لگے۔اس کمیٹی کے سبھی ممبران زرعی قوانین کی حمایت کرنے والے ہیں،توپھرانصاف کیسے ہوسکتاہے؟ہنگامہ ہونے کے بعدایک رکن بھوپندرسنگھ مان نے استعفیٰ دے دیا۔کسانوں اوراپوزیشن نے کہاہے کہ یہ حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے کندھے پربندوق رکھ کرچلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اوراس طرح کسان تحریک کوکمزورکرنے اورانھیں تھکانے کی کوشش کاحصہ ہے۔

کسانوں نے کہاہے کہ ہم کسی کمیٹی سے بات نہیں کریں گے، حکومت کوقانون واپس لیناہوگا،ہم بس یہ چاہتے ہیں۔عدالت دہلی پولیس کی جانب سے مرکزی حکومت کی اس درخواست پر بھی سماعت کرے گی جس میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر مارچ یا کسی بھی طرح کے مظاہرے روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔

عبوری حکم میں چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے اگلے احکامات تک زرعی قوانین پر روک لگادی۔ اسی دوران شکایات سننے اور تعطل کے حل کے لیے سفارشات پیش کرنے کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں ہندوستانی کسان یونین کے بھوپندر سنگھ مان، جنوبی ایشیاء کے بین الاقوامی فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر پرمود کمار جوشی، زرعی ماہر معاشیات اشوک گلاٹی اورتنظیم کے صدر انیل گہلوت شامل تھے۔


Share: